بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک کرکٹ میچ اس وقت افسوسناک واقعے میں بدل گیا جب اسٹیڈیم میں شہد کی مکھیوں کے جھنڈ نے اچانک حملہ کردیا۔ واقعے میں سینئر امپائر مانک گپتا جان کی بازی ہار گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مانک گپتا کانپور کرکٹ سرکٹ کے ایک تجربہ کار اور معروف امپائر تھے، جو کانپور کرکٹ ایسوسی ایشن سے بھی وابستہ رہے۔ یہ واقعہ ضلع اناؤ کے سپرو اسٹیڈیم میں پیش آیا، جہاں میچ کے دوران کھلاڑیوں اور امپائرز پر شہد کی مکھیوں نے دھاوا بول دیا۔ مرحوم امپائر کے بھائی امیت کمار گپتا نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میچ ختم ہونے کے بعد ڈرنکس بریک کے دوران مانک گپتا ایک ساتھی امپائر سے ملنے گئے۔ اسی دوران شہد کی مکھیوں کا ایک بڑا جھنڈ اچانک وہاں موجود افراد پر ٹوٹ پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ مانک گپتا نے بچنے کے لیے دوڑنے کی کوشش کی، مگر توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گر پڑے، جس کے بعد شہد کی مکھیوں نے انہیں بری طرح گھیر لیا۔ مانک گپتا تقریباً 30 برس سے امپائرنگ کے شعبے سے وابستہ تھے اور ریاستی پینل کے امپائر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
ادھر ان کے ساتھی امپائر جگدیش شرما نے بتایا کہ حملہ ڈرنکس بریک کے دوران ہوا۔ سب لوگ جان بچانے کے لیے بھاگے، تاہم مانک گپتا عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے مکھیوں سے آگے نہ نکل سکے اور شدید حملے کا نشانہ بن گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ کرکٹ حلقوں میں گہرے رنج و غم کا باعث بنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





