بھارتی کرکٹ ٹیم میں پھوٹ پڑ گئی

ممبئی(پی این آئی)مسلسل خراب پرفارمنس اور شکستوں نے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت اور ہیڈکوچ گوتم گمبھیر میں اختلافات بڑھا دیے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور ہیڈکوچ گوتم گمبھیر کے درمیان اختلافات کی خبریں ڈریسنگ روم میں زبان زد عام ہوچکی ہیں۔تاہم کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے اختلافات کی خبروں کی تردید کی ہے، البتہ کچھ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آسٹریلیا سے سیریز ہارنے پر بھارتی ڈریسنگ روم تقسیم نظر آرہا تھا۔

راجیو شکلا چیمپئینز ٹرافی ایونٹ سر پر ہونے کی وجہ سے ٹیم کے بڑوں میں اختلافات کی خبروں کو محض افواہیں قرار دے رہے ہیں تاہم بھارت کا اپنا ہی میڈیا ٹیم میں لڑائی کی منفی خبریں پھیلا رہا ہے۔روہت نے سڈنی ٹیسٹ میں باہر بیٹھنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد ہیڈکوچ سے ان کے اختلافات کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں۔

ادھر بھارتی ٹیم کے شکستوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو دوبارہ پُرانے اصول متعارف کروانے پر مجبور کردیا، بورڈ کے اعلیٰ حکام نے کارکردگی کو دیکھتے ہوئے فیملیز کو ٹور پر ساتھ لیجانے کے معاملے پر سخت کارروائی کا عندیہ دیدیا ہے۔کرکٹرز کو بیرون ملک دوروں پر اہلخانہ کو ساتھ نہ لے جانے کا آپشن ممبئی میں بی سی سی آئی کی میٹنگ کے بعد کیا گیا ہے جس میں سلیکٹر اجیت اگرکر، ہیڈکوچ گوتم گمبھیر اور کپتان روہت شرما سمیت دیگر بورڈ اراکین موجود تھے۔

بورڈ حکام کا خیال ہے کہ دورے کے دوران بیویوں اور اہلخانہ کے کھلاڑیوں کے ساتھ رہنے سے ان کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے، نئے اصولوں کے تحت اب 45 دن تک ہونے والے بیرون ملک ٹور کے دوران کھلاڑی کی اہلیہ اور اہلخانہ محض 14 روز قیام کر سکتے ہیں جبکہ چھوٹی سیریز اور دوروں پر یہ قیام محض 7 دن رہ جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close