ایف بی آر کا تاجر دوست سکیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان

اسلام آباد(پی این آئی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کا تاجر دوست سکیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان، چھوٹے تاجروں کی بجائے بڑے خوردہ فروشوں کیخلاف کارروائیاں شروع کر نے کاعندیہ ، ایف بی آر ریٹرنز، ڈیٹا سیکیورٹی اور کمرشل بجلی کی کھپت کے ڈیٹا کے تجزیے کی بنیاد پر بڑے تاجروں کو رجسٹر کرے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فی دکان ریٹیل آوٹ لیٹ پر فکسڈ ٹیکس کی موجودہ پالیسی کو معطل کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ایف بی آر نے تاجر سکیم میں خاطر خواہ مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں ناکامی پر نئی تبدیلیاں کرنے کے بارے میں عندیہ دیا ہے ۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے پالیسی پر نظرثانی کی آئی ایم ایف نے توثیق کی ہے یا نہیں یہ سب سے بڑا سوالیہ نشان ہوگا۔ایف بی آر نے رواں مالی سال کے دوران ٹی ڈی ایس کے ذریعے 50 ارب روپے کی وصولی کیلئے آئی ایم ایف سے اتفاق کیا ہوا ہے ۔

فیڈرل بورڈ ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے پہلی سہ ماہی میں ہدف 10 ارب روپے رکھا گیا تھا اور دوسری سہ ماہی کی مدت کیلئے ٹی ڈی ایس کی وصولی 23.4 ارب روپے تک جانے کا ہدف تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل تاجر برادری کی جانب سے تاجر دوست سکیم پر اپنے سخت تحفظات کااظہار کیا تھا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ٹیکس سکیم میں تاجروں کی مرضی کی تبدیلیوں کیلئے آمادگی ظاہر کر دی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں