لاہور (پی این آئی) چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم اگر پاکستان نہیں آتی ہے تو پھر آئی سی سی کو دوسرے آپشنز کو استعمال کرنا پڑیگا۔
پاکستان آئندہ سال فروری 2025ء میں چیمپئنز ٹرافی کے شوپیس ایونٹ کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، میزبان کے علاوہ ون ڈے کی ٹاپ سات ٹیمیں آئی سی سی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی، تاہم اب تک بھارتی ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی میں اپنی شرکت کنفرم نہیں کی ہے۔اگر بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرتی ہے تو پھر اس کی جگہ سری لنکا کو ایونٹ میں شامل کیا جائے گا اور وہ روہت شرما کی ٹیم کی جگہ لے گی۔ 2002ء کی چیمپئن سائیڈ 2023ء ون ڈے ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل کے گروپ مرحلے میں 9ویں نمبر پر تھی جس کی وجہ سے وہ چیمپئنز ٹرافی کی ٹیموں میں جگہ نہیں بنا پائی، یہ پہلا موقع ہے کہ سری لنکا ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی نہیں کر پائی۔
ممکنہ طور پر بی سی سی آئی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اس ٹورنامنٹ کو سری لنکا یا یو اے ای منعقد کرنے کی درخواست کرسکتا ہے جیسا کہ ایشیا کپ 2023ء ایڈیشن کے لیے تجویز کیا گیا تھا۔ تاہم، ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان اور سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے والے ایک ہائبرڈ ماڈل کو قبول کیا تھا، تاہم چیمپئنز ٹرافی کے تناظر میں ایسا ہونا مشکل ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں