لاہور (پی این آئی ) ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں ناقص کارکردگی دکھانے والے پاکستانی کرکٹرز کو ان دنوں شدید تنقید کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا پر شائقین اور سابق کھلاڑی دونوں ہی ٹیم پر عدم اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔
کھلاڑی اس صورتحال سے شدید غمزدہ ہیں اور بورڈ سے وابستہ سابق سٹارز اور ان کے ساتھ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے رویے پر پریشان ہیں۔ ایک کھلاڑی نے نام ظاہر نہ کرتے ہوئے بتایا کہ سینئرز نے سینٹرل کنٹریکٹ کے مذاکرات کے دوران پی سی بی کے ساتھ اس پر بات کرنے کا فیصلہ کیا اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بورڈ کے لیے کام کرنے والے سابق کھلاڑی اور موجودہ کھلاڑیوں کو بطور ماہر ٹی وی پر آنے کی اجازت نہ دی جائے۔ وہ اپنے ہی کھلاڑیوں پر اس قدر تنقید کرتے ہیں کہ اس سے شائقین کو اور بھی غصہ آتا ہے۔ ایک اور کھلاڑی نے خاص طور پر احمد شہزاد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وہ قومی ٹیم میں واپسی کے لیے پرامید نہیں تھے وہ بات کرتے ہوئے محتاط تھے جیسے ہی انہیں احساس ہوا کہ واپسی ممکن نہیں ہے اب انہوں نے ضرورت سے زیادہ کھلاڑیوں پر تنقید شروع کردی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ محمد حفیظ جو بطور ٹیم ڈائریکٹر کام کرتے تھے اور اب غیر ملکی میڈیا میں اپنی ہی ٹیم کے خلاف باتیں کر رہے ہیں جو کہ نامناسب ہے۔ دوسری جانب پی سی بی ذرائع کے مطابق بورڈ سے وابستہ موجودہ اور ایسے کھلاڑیوں کو مستقبل میں ٹی وی پر کام کرنے کی اجازت دینے کے حوالے سے جلد پالیسی تیار کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں