تازہ ترین

اماراتی کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹر پر 5سال کی پابندی لگا دی

دبئی (پی این آئی) اماراتی کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹر عثمان خان پر 5 سال کی پابندی عائد کر دی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کیلئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ بننے کے خواہاں بلے باز عثمان خان کو اماراتی کرکٹ بورڈ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔ عثمان خان پاکستان سپر لیگ 9 میں ملتان سلطانز کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کیمپ کیلئے مدعو کیا گئے، جس پر انہوں نے رضامندی ظاہر کی اور اب کاکول میں قومی کرکٹ ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کا حصہ ہیں۔ اس تمام صورتحال میں اماراتی کرکٹ بورڈ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگا کر عثمان خان پر 5 سال کی پابندی عائد کردی۔

یو اے ای کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عثمان خان نے غلط بیانی کی اور اماراتی کرکٹ بورڈ کی سہولیات کا فائدہ اٹھایا۔ عثمان خان اماراتی کرکٹ ٹیم کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ میں نمائندگی کرنے کے پابند تھے، ای سی بی نے عثمان خان کو سالانہ کنٹریکٹ بھی دیا تھا جبکہ حال ہی میں ہونیوالے آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں وہ امارات کے لوکل پلیئر کے طور پر بھی کھیلے۔ پھر بھی انہوں نے اپنے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ اسی باعث عثمان خان پر متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ کی زیر نگرانی کسی بھی ٹورنامنٹ میں 5 سال تک شرکت نہیں کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اماراتی کرکٹ بورڈ نے عثمان خان کو باقاعدہ نوٹس جاری کر کے وضاحت طلب کی تھی، جس کے بعد اب ان پر پابندی کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں