آسٹریلیا کیخلاف اہم میچ سے قبل قومی ٹیم کو بڑا جھٹکا لگ گیا

بنگلورو (پی این آئی ) پاکستان کی مینز ٹیم کے اوپنر عبداللہ شفیق بخار میں مبتلا ہوگئے۔ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب مینز ان گرین بنگلورو میں 20 اکتوبر کو شیڈول ICC مینز ODI ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

ٹیم ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور اسامہ میر میں بھی بخار کی علامات تھیں تاہم وہ اب صحت یاب ہوچکے ہیں۔ٹیم کے ہیلتھ پروٹوکول کے مطابق جن کھلاڑیوں میں بخار کی علامات ظاہر ہوئیں ان کا فوری معائنہ کیا گیا۔ مزید برآں، حفاظتی اقدامات کے مطابق، تمام کھلاڑیوں کا COVID-19 کے لیے ٹیسٹ کیا گیا اور ڈینگی بخار سے متعلق علامات کے لیے اسکریننگ کی گئی۔ تاہم پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی صحت کے حوالے سے تشویش کی کوئی وجہ نہیں ہے جس کی تصدیق ٹیم ذرائع نے کی ہے۔دریں اثنا، پاکستانی ٹیم نے منگل کو اپنا شیڈول ٹریننگ سیشن منسوخ کر دیا۔ ٹیم انتظامیہ نے آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ سے قبل کھلاڑیوں کو آج آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی اسکواڈ کل سہ پہر تربیتی سیشن میں حصہ لے گا۔ پاکستان نے ایونٹ کے دوران اب تک تین میچوں میں دو جیت درج کی ہیں، لیکن اس کی واحد شکست ہفتے کے روز روایتی حریف بھارت کے خلاف ہوئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں