عالمی مارکیٹ میں تیل قیمتوں میں پھر بڑی کمی ہوگئی

نیویارک (پی این آئی) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہو گئیں، امریکا میں شرح سود بڑھنے کے امکان کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان، برطانوی خام تیل 80 ڈالرز جبکہ امریکی خام تیل 76 ڈالرز کی سطح سے نیچے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق تیل کی عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں نمایاں کمی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی شرح سود میں اضافے کے خدشات اور چین میں پیداواری صلاحیت پر اثرات کے باعث تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔امریکی فیڈرل ریزرو کی طرف سے شرح سود میں ممکنہ اضافے اور چین میں پیداواری صلاحیت سے اقتصادی اثرات پر تشویش کے باعث اوپیک پلس کی سپلائی میں رواں ماہ سے لاگو ہونے والی نئی کٹوتیوں کی وجہ سے تیل کی قیمت میں کمی آئی ہے۔امریکی فیڈرل ریزرو کا اجلاس ممکنہ طور پر 2 سے 3 مئی کو ہوگا جس میں 25 بیسس پوائنٹس کے ساتھ شرح سود میں مزید اضافے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکی ڈالر میں کئی کرنسیوں کے مقابلے اضافہ ہوا جس کی وجہ سے دیگر کرنسی والے ممالک کے لیے تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت میں 1.21 ڈالر یعنی 1.5 فیصد کمی ہوئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت 79.12 ڈالرز ہوگئی۔

جبکہ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت میں بھی 96 سینٹ یا 1.3 فیصد کمی ہوئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت 75.82 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔یہاں یہ واضح رہے کہ یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد عالمی مارکیٹ میں ایک سال قبل تیل کی فی بیرل قیمت 130 ڈالرز کی سطح کو بھی چھو گئی تھی، جو اب کم ہو کر 80 ڈالرز کی سطح سے نیچے آ چکی۔ تاہم پاکستان سمیت کئی ممالک کی کرنسی کی قدر گزشتہ ایک سال میں کم ہوئی، اسی باعث ان ممالک کو تیل کی قیمتوں میں کمی کا کوئی خاص فائدہ نہ ہو سکا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں