آزاد کشمیر، تحریک انصاف کی حکومت نے بلدیاتی انتخاب کے بعد اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کی طرف پیش قدمی شروع کر دی ہے، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے آزادکشمیر کے اندر بلدیاتی انتخاب کا انعقاد ممکن بنا کر اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کی طرف پیش قدمی شروع کردی ہے۔31 سال کے بعد بنیادی جمہوری ادارے فعال کرنے کی کوشش کی ہے،جس کی قیمت چکا رہے ہیں۔

نومنتخب بلدیاتی ممبران ذمہ داریوں کا حلف اٹھانے کے بعد ان اداروں کی فعالیت کے لیے کردار ادا کریں گے۔ آزادکشمیر میں بنیادی مسائل کے حل کا واحد ذریعہ بلدیاتی ادارے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت بلدیاتی نظام کو مضبوط کرنے کے لیے ان اداروں کو تمام وسائل اور اختیارات مہیا کرے گی۔بلدیاتی انتخاب کا انعقاد ہمارا انتخابی وعدہ تھا جو پورا کیا ہے،دیگر وعدے بھی اسی طرح پورے کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔طویل عرصہ بعد آزادکشمیر میں عوام کے اندر اپنے حقوق کا شعور اجاگر ہوا ہے،سیاسی بصیرت اور آگہی نے خطہ کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کی طرف قدم بڑھائے ہیں۔یہ نوجوان ہمارا اصل اثاثہ ہیں،جماعتی کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں سردار تنویر الیاس خان نے نومنتخب بلدیاتی ممبران کو عہدوں کا حلف اٹھانے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیاہے کہ نومنتخب ممبران عوامی اعتماد پرپورا ترنے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں گے۔عوام نے جس اعتماد اور یقین کے ساتھ نومنتخب بلدیاتی ممبران کو مینڈیٹ دیا ہے اب اس کا تقاضا ہے کہ نومنتخب ممبران جوش جذبے اور ولولے کے ساتھ اپنے فرائض ادا کرنے کے لیے سرگرم ہوں۔حکومت آزادکشمیر نے تمام تر سازشوں،رکاوٹوں کے باوجود بلدیاتی نظام اور ادارے فعال کیے ہیں،اب ان اداروں میں بیٹھنے والے افراد کا فرض ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں۔حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے جب تک ان اداروں کو اختیارات اور وسائل نہیں ملتے،عوام کے مسائل اور ان کی دہلیز پر حل کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔نومنتخب بلدیاتی ممبران کا فرض ہے کہ مسائل کی نشاندہی کریں اور ان کے حل کے لیے حکومت کو تجاویز دیں۔بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی واضح کامیابی عوام کی جانب سے حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کا واضح اظہار ہے۔عوامی مینڈیٹ کا تقاضا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے ہمہ تن مصروف عمل ہوکر اپنا فرض پورا کرے۔حکومت کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے۔سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ تمام ضلع کونسل،میونسپل کارپوریشنز،میونسپل کمیٹیز اور ٹاؤن کمیٹیز ،یونین کونسلز کے نمائندگان اب اپنی انتظامیہ منتخب کرنے کے مجاز ہوں گے۔حکومت نے نوجوانوں،خواتین ،مزدور اور کسانوں کو بھی بلدیاتی اداروں میں بھرپور نمائندگی دی ہے۔نوجوانوں کی آبادی کل آبادی کا 60فیصد ہے اور ان کی اکثریت تحریک انصاف سے وابستہ ہے،آج کے تعلیم یافتہ نوجوانون کو تحریک انصاف سے ہی امیدیں وابستہ ہیں اور تحریک انصاف ترقی یافتہ ،خوشحال اور استحصال سے پاک معاشرے کے لیے نوجوانوں کی توقعات پر اترنے کی کوشش کررہی ہے۔بلدیاتی نظام جمہوریت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتا ہے اور اس نظام کی مضبوطی سے پارلیمانی جمہوری نظام کو تقویت ملے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں