آج کہاں کہاں بارش کا امکان ہے؟ محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورمطلع ابر آلود رہے گا تا ہم شمالی بلوچستان ، خیبر پختو نخوا، گلگت بلتستان ،خطۂ پوٹھوہاراور کشمیر میں ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔

پنجاب ،خیبر پختونخوا کے میدانی علا قوں اوربالائی سندھ میں ہلکی دھند کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے سرد ترین مقام لہہ رہا جہاں درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا تاہم خطۂ پوٹھوہار میں ہلکی بارش جبکہ مری ،گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدیدسرد اور شام اور رات میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے ۔ لاہور، شیخوپورہ،گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ،فیصل آباد، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر،منگلہ، منڈی بہاؤالدین، جوہر آباد اور ڈیرہ غازی خان میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ شام اور رات میں ہلکی بارش اوربوندا باندی ہو سکتی ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم صبح کے اوقات میں سکھر ، لاڑکانہ، حیدر آباد اور موہنجوداڑو میں ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا تا ہم دیر، چترال، سوات ، کوہستا ن، ایبٹ آباد ، ، باجوڑ، کرم، پشاور، چارسدہ ،اور کوہاٹ میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور ابر آلود رہے گا تاہم کوئٹہ ، ژوب ، زیارت ،ہرنائی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ ، چمن اور پشین میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں