آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے 75 ویں یوم تاسیس کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر وزیر اعظم کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا اہم پیغام

مظفر آباد(پی این آئی) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے 75 ویں یوم تاسیس کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم کشمیرسردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے مقبوضہ کشمیر میں بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے وزیراعظم نے پانچ اگست2019 سے بھارتی فوج کے محاصرے کا شکار مظلوم بہن، بھائیوں بیٹوں اور بزرگوں کو یقین دلایا کہ آزاد کشمیر کے عوام تحریک آزادی کشمیر کا جھنڈ ا نہیں گرنے دیں گے اور اس میں اپنا بھرپور حصہ ڈالتے رہیں گے۔

سردار تنویر الیاس نے قابض بھارتی افواج کے سامنے سینہ سپر اپنے کشمیریوں بھائیوں کو سلا م پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے جب یہ خطہ آزاد کراویا تو وہ اس وقت شدید بے سروسامانی کے عالم میں تھے۔ اس وقت کشمیریوں نے قربانیوں کی لازوال مثال رقم کی۔ ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ استقامت سے کھڑے رہیں۔ آزادحکومت کے قیام کا مقصد تحریک آزادی کشمیر ہے۔ہماری حکومت کی اولین ترجیح تحریک آزادی کشمیر ہے اور اس کیلئے ہم نے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی کوشش کی۔ بھارت کے ہٹ دھرم رویے نے کشمیری عوام کو اس بات پر مجبور کیا کہ وہ آزادی کے حصول کے لیے میدان عمل میں کود پڑیں۔ کشمیر ی عوام نے آگ اور خون کے دریا عبور کرتے ہوئے آزادی کی جدوجہد کی تاریخ میں جن ابواب کا اضافہ کیا اس کی مثال تاریخ میں مشکل ہی سے مل سکے گی آزاد جموں وکشمیر کے 75ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ 5اگست2019 کے بھارت کے غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام کے بعد مقبوضہ وادی بھارت کے فوجی محاصرے میں ہے۔ قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا نیا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور مقبوضہ وادی کو دنیاکی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے اور کشمیریوں کو ان کا جائز حق حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ بھارت کے اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کسی بڑے انسانی المیے کے جنم لینے کا امکان ہے۔انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کے ساتھ الحاق کریں گے اور ہم اپنے آباء کے الحاق پاکستان کے عزم کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں