آزاد کشمیر، وزیراعظم کے خلاف پریس کانفرنس کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف تھی، معاون خصوصی اطلاعات چوہدری رفیق نیئر کا بیان

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم کے معاون خصوصی اطلاعات، ماحولیات و سمال انڈسٹریز چوہدری محمد رفیق نیئرنے کہا ہے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں کی وزیراعظم کے خلاف پریس کانفرنس کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف تھی۔اپنے ردعمل میں چوہدری محمد رفیق نیئر نے کہا کہ مظفرآباد میں تحریک انصاف کے زبردست پاور شو سے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے چھکے چھوٹ گئے ہیں اور انہیں دن میں تارے نظر آ گئے ہیں،

وزیراعظم اور تحریک انصاف آزادجموں و کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان کی مقبولیت مظفرآباد کے جلسے نے بام پر پہنچا دی ہے یہی وجہ ہے کہ پیپلزپارٹی کے لیڈروں کے پیٹ میں مروڑ اٹھنا شروع ہو گئے ہیں اور وہ بے پر کی اڑانا شروع ہو چکے ہیں وہ بے فکر رہیں سردار تنویر الیاس خان ان کی سینے پر مزید مونگ دلیں گے وہ نہ صرف یہ ٹرم پورا کریں گے بلکہ آئندہ پانچ سال کے لئے بھی وزیراعظم ہو نگے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا مظفرآباد کے عوام اور سردار تنویر الیاس خان کے چاہنے والوں نے جو والہانہ استقبال کیا اس سے یہ حقیقت کھل کر سامنے آ گئی ہے کہ فریال تالپور کے چاکروں کیلیے اب مظفرآباد سمیت آزادجموں و کشمیر میں کوئی جگہ نہیں ہے،چوہدری ریاض کے در پر حاضری دینے والوں کو جب ان کی اوقات یاد دلاتے ہیں تو انہیں صدمہ پہنچتا ہے اب حقیقت تو کسی سے چھپ نہیں سکتی۔انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کے لیڈر کو چونکہ مظفرآباد میں اب کوئی پوچھتا نہیں ہے اور ان کے مقابل چونکہ دوسرا گروپ مضبوط ہو گیا ہے اس لئے وہ اب فرسٹریشن کا شکار ہو چکے ہیں عوام تو پیپلزپارٹی کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں رہی سہی کسر ان کے نام نہاد لیڈروں نے نکال دی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو تحریک انصاف کی اپنی حکومت ہر پورا بھروسہ ہے۔ انشاءاللہ ہم کشمیری عوام کی ایسی خدمت کریں گے کہ دنیا دیکھے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں