افغانستان پاکستان کو تگڑا ہدف دینے میں ناکام

دبئی(پی این آئی)متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کیلئے 130 رنز کا ہدف دے دیا۔شارجہ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے آج کے میچ کیلئے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ افغانستان کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

 

 

 

افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ابراہیم زادران 35 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ رحمان اللہ 11 گیندوں پر17، حضرت اللہ زازئی 21 ،کریم جنت 15، نجیب اللہ 10 رنز اور کپتان محمد نبی صفر پر پویلین لوٹے۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2، نسیم شاہ،حسنین، شاداب اور نواز نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔گزشتہ روز ایشیا کپ سپر فور کے میچ میں بھارت کو سری لنکا نے چھ وکٹ سے شکست دی جس کے بعد سپر 4 میں سری لنکا دو میچز میں چار پوائنٹس کے ساتھ پہلی، پاکستان ایک میچ میں دو پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔پاکستان نے سپرفور مرحلےکے اپنے پہلےمیچ میں بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی جبکہ افغانستان کو پہلے میچ میں سری لنکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔تاہم پاکستان ٹیم اگر آج جیتنے میں کامیاب رہی تو بھارت اور افغانستان دونوں ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہوجائیں گے،سری لنکا اور پاکستان ایشیا کپ کا فائنل کھیلیں گے۔پاکستان کی ہار کی صورت میں چاروں ٹیمیں فائنل کی دوڑ میں شامل رہیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں