پوری قوم وزیر اعظم عمران خان کی پشت پر چٹان کی طرح کھڑی ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی وزراء ریاست سے گفتگو

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان حق پر کھڑے ہیں اور پوری قوم انکی پشت پر چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان مضبوط اعصاب کے مالک ہیں، وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے خلاف سازشیں ان کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ عمران خان نے ملک و قوم کا وقار بلند کیا اور ملک کو بحرانوں سے نکال کر صحیح سمت گامزن کیا تو ان کیلئے مشکلات کھڑی کر دی گئیں۔ انشاء اللہ وزیراعظم پاکستان سرخرو ہوں گے۔

کشمیری عوام اپنے محسن اور سفیر کو کبھی مایوس نہیں کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزراء حکومت سردار فہیم اختر ربانی، خواجہ فاروق احمد، چوہدری اظہر صادق، چوہدری محمد رشید، چوہدری اخلاق، محمد اکمل سرگالہ، ظفر اقبال ملک، دیوان علی خان چغتائی، پارلیمانی سیکرٹریزپروفیسر تقدیس گیلانی اور عاصم بٹ، ممبر اسمبلی دیوان غلام محی الدین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے خلاف سازشیں ملک کو عدم استحکام کرنے کی کوششیں ہیں، بیرونی قوتیں عمران خان کو وزارت عظمی کے منصب سے ہٹا کر ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ عمران خان پاکستانی قوم سے ملکر ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ کشمیری عوام پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہت عرصہ بعد پاکستان میں عمران خان کی صورت میں ایسا لیڈر آیا ہے جس میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن بدقسمتی سے ملک کو ایک بار پھر بیرونی اشاروں پر اندھیروں میں دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

عمران خان ملت اسلامیہ کے واحد لیڈر ہیں جنہوں نے اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی فورمز کو متحرک کیا اور عالمی سطح پر رائے عامہ کو کامیابی سے ہموار کیا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نہ صرف کشمیریوں کے سفیر ہیں بلکہ کشمیری قوم کے محسن بھی ہیں، عمران خان نے جہاں مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسئلہ پرعالمی سطح پر جاندار آواز بلند کی وہاں انہوں نے آزادجموں وکشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے حکومت آزادکشمیر کو وافر مالی وسائل مہیا کیے اور ہر ممکن سرپرستی کی جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close