پریڈ گراؤنڈ میں پاکستانی اور کشمیری عوام کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر دیا ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا پریڈگراؤنڈ میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب

اسلام آباد (پی آئی ڈی) آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ عمران خان امت مسلمہ کا عظیم سرمایہ ہے جس نے اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد منظور کرا کر عاشق رسول ہونے کا حق ادا کر دیا ہے جس پر پاکستانیوں،کشمیریوں اور پوری امت مسلمہ کو فخر ہے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان میرے اور آپ کے لیڈر نہیں پوری امت مسلمہ کے لیڈر ہیں جس پر ہمیں فخر ہے۔پریڈ گراؤنڈ میں پاکستانی اور کشمیری عوام کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔

آزادجموں و کشمیر کے دس اضلاع اور مہاجرین مقیم پاکستان کے کشمیری عوام نے پریڈ گراؤنڈ کے جلسے میں بھرپور شرکت کر کے محسن کشمیر،وکیل کشمیر اور سفیر کشمیر کو جو خراج تحسین پیش کیا ہے اس پر میں کشمیری عوام کا مشکور ہوں۔عمران خان پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہیں پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا۔پاکستان کو عمران خان کے ساتھ ہی آگے بڑھنا ہے اور باوقار انداز میں قوموں کی برادری میں اپنا ممتاز مقام حاصل کرنا ہے۔ ملک عمران خان کی صورت میں ایک نڈر، ایماندار،جرات مند اور دیانتدار لیڈر کی ضرورت ہے جو ملک کو غیروں کی غلامی سے آزاد کریگا۔اپوزیشن نے خریدوفروخت کی جو منڈیاں لگائی ہوئی ہیں اس میں اسے ناکامی ہوگی،ملک سے بھاگے ہوے لیڈر اور لوگوں سے منہ چھپا کر پھرنے والے اب کس منہ سے عوام کے پاس آرہے ہیں۔عمران خان قومی دولت لوٹنے والوں کے خلاف ننگی تلوار ہیں عمران خان کی موجودگی میں کوئی ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔پی ڈی ایم نے دوسروں کے کہنے پر تماشہ لگایا ہوا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں قائد اعظم کے بعد میرے لیڈر اور قائد پاکستان عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصویریں لگائی گئی ہیں جو ہمارے لئے ایک اعزاز ہے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوے کیا۔اس سے پہلے وزیراعظم ایک بڑے جلوس کی قیادت کرتے ہوے پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد پہنچے تو سٹیج سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کو پرجوش انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔اس موقع پر کارکنوں نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔کارکنوں کا جوش اور ولولہ دیدنی تھا۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ عمران خان ڈرنے والا نہیں ہے وہ ایک ہی ریورس سوئنگ سے تینوں کو بولڈ کریگا عمران خان کی صورت میں ملک کو ایک دلیر لیڈر ملا ہے اسوقت خطے میں عمران خان سے بڑا لیڈر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 1974 کے بعد عمران خان کی سربراہی میں پاکستان کو مسلم امہ کے وزراء خارجہ کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا جو پاکستان کیلیے ایک اعزاز ہے عمران خان نے مسلم امہ کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی اور اسلاموفوبیا کے خلاف جاندار موقف اپنایا عمران خان کی تحریک پر اقوام متحدہ نے پندرہ مارچ کو اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد بھی پاس کی عمران خان اسلامی ملکوں کے لیڈر کے طور پر سامنے آئے جس سے پاکستان کے وقار میں اضافی ہوا۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ابھی سیاسی طور پر نابالغ ہیں انہیں ناکامی ہو گی۔

انہوں نے کہا کشمیریوں نے آج کے جلسے میں بھرپور شرکت کر کے جس انداز میں میں اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا ہے میں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا آج مقبوضہ کشمیر کے ہر گھر میں ٹی وی آن ہے اور پریڈ گراؤنڈ کا تاریخی جلسہ دیکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے تاریخی جلسے میں آزاد کشمیر کے تینوں ذویژنز،دس اضلاع اور مہاجرین مقیم پاکستان کے بارہ حلقوں سے تحریک انصاف کے لوگ بڑی تعداد میں شریک ہوے اور اپنے محسن لیڈر عمران خان سے اظہار یک جہتی کیا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پھر چھانگا مانگا اور مری کی سیاست کرنا چاہتی ہے مگر اسے ناکامی ہو گی میرے لیڈر عمران خان نے صاف اور واضح بتا دیا ہے کہ وہ نہ جھکے گا اور نہ اپنے موقف سے جو پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلیے نہایت اہم ہے ایک انچ بھی پیچھے ہٹے گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close