ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جاری، کونسا بلے باز سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آئوٹ ہوا؟ حیران کن نام سامنے آگیا

لاہور (پی این آئی) کرکٹ ورلڈکپ میں اچھا پرفارم کرنا ہر بیٹسمین کی خواہش ہوتی ہے اور وہ چاہتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ رنز، ففٹیز یا سنچریاں بناکر اپنی ٹیم کو کامیابی دلائے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ کس کے پاس ہے؟ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کے پاس ہے۔

شاہد خان آفریدی 6 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 32 مقابلوں میں 5 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں اور یوں انہوں نے ایک منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کررکھا ہے۔اسی فہرست میں سری لنکاکے تلکارتنے دلشان بھی آفریدی کے ساتھ ہی ہیں لیکن وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی 34 اننگز میں 5 بار صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہد آفریدی 32 اننگز میں 5 بار صفر پر آؤٹ ہوئے، شاہد آفریدی کی ان 5 ٹی ٹوئنٹی اننگز پر نظر ڈالتے ہیں جن میں وہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔
2007 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل ( پاکستان بمقابلہ بھارت )
2009 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا گروپ میچ ( پاکستان بمقابلہ سری لنکا)
2010 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا گروپ میچ ( پاکستان بمقابلہ انگلینڈ)

2012 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا گروپ میچ ( پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا)
2012 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سیمی فائنل ( پاکستان بمقابلہ سری لنکا)
دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہد آفریدی ان 5 اننگز میں ہر بار پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئےہیں جبکہ ان 5 میچز میں سے پاکستان صرف جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں ہی کامیابی حاصل کرسکا۔اس کے علاوہ شاہد آفریدی ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے دنیا کے دوسرے بیٹسمین ہیں۔ اس فہرست میں سری لنکن بیٹسمین جے سوریا پہلے نمبر پر ہیں۔سابق کپتان 398 ون ڈے میچز میں 30 بار صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں