اسلام آباد (پی این آئی ) عید کے بعد عیدی، وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی سمری مسترد کر دی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کی موجودہ صورتحال میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے رواں ماہ کے بقیہ ایام کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی سمری مسترد کر دی گئی۔بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا، پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں 31 مئی تک برقرار رہیں گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے سے حکومت کو مجموعی طور پر 6 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوگا۔ یکم مئی کو قیمتیں برقرار رکھنے سے 4 ارب جبکہ اب دوبارہ قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کے فیصلے سے ریوینیو میں 2 ارب روپے سے زائد کی کمی ہوگی۔بتایا گیا ہے کہ عید کی تعطیلات کے بعد آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی سمری تیار کی گئی تھی۔ اوگرا کی جانب سے تیار کی گئی سمری میں پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 90 پیسے ، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 25 پیسے اضافے کی تجویز دی ، اوگرا کی تیار کی گئی سمری وزارت خزانہ کو ارسال کی گئی جس پر وزارت خزانہ کی جانب سے وزیر اعطم عمران خان سے مشاورت کی گئی۔خیال رہے کہ اس سے قبل پہلے مئی کے آغاز پر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ پیٹرول کی قیمت 108 روپے 56 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 110 روپے 76 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پچھلے نوٹی فکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت 80 روپے فی لیٹر جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 77 روپے 65 پیسے پر برقرار رہے گی۔ جبکہ اب وزیراعظم کے تازہ ترین فیصلے کے بعد موجودہ قیمتوں مزید 14 روز کیلئے برقرار رہیں گی، اوگرا کی جانب سے 31 مئی کو قیمتوں میں رد و بدل کے حوالے سے دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں