یوٹیلیٹی اسٹورز پر 20کلو آٹے کا تھیلا 800روپے ، چینی 68روپے فی کلو اور گھی 170 روپے فی کلو فروخت کرنے کا دعویٰ

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اعظم عمران خان نے رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی کو جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں کرونا وبا سے متعلقہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت رمضان المبارک کے پیش نظر اشیا ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا

، جلاس میں وفاقی وزرا محمد حماد اظہر، سید فخر امام، عمر ایوب خان، معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر شہباز گل، متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز، چیئرمین ایف بی آر، چیف کمشنر اسلام آباد اور مینیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن شریک ہوئے ۔ ویڈیو لنک سے صوبائی چیف سیکریٹری صاحبان شریک ہوئے۔ مینیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی اسٹوری کارپوریشن نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ 20کلو آٹے کا تھیلا 800روپے ، چینی 68روپے فی کلو اور گھی 170 روپے فی کلو پر ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیاب ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کے اس وقت یوٹیلٹی اسٹورز سے یومیہ 2600ٹن آٹا ، 2000ٹن چینی اور 1200 ٹن گھی فروخت ہو رہا ہے۔چیف کمشنر اسلام آباد نے آگاہ کیا کہ اسلام آباد میں متعد دمقامات پر سستے بازار قائم کیے گئے ہیں جن میں اشیا ضروریہ کم قیمتوں پر دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ کرونا وبا کے پیش نظر موبائل وین کے ذریعے بھی اشیا ضروریہ دستیاب ہوں گی۔چیف سیکریٹریز پنجاب اور خیبر پختونخوا نے آگاہ کیا کہ چینی اور آٹے کی وافر مقدار میں دستیابی اور مقرر شدہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیر توانائی عمر ایوب خان نے بتایا کہ سحری اور افطار کے اوقات میں کوئی غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ رمضان المبارک میں اشیا ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ غریب طبقے کو کسی مشکل کا سامنا نا ہو۔ وزیر اعظم نے کہا کہ رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی کو جاری رکھا جائے۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کہ رمضان بازاروں میں کرونا وبا سے متعلقہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں