پاکستان کو پہلی مرتبہ ایک مالی سال میں اپنے ذرائع سے 50 ارب ڈالرز سے زائد زرمبادلہ حاصل ہونے کا امکان، بڑی خوشخبری سنا دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان کو پہلی مرتبہ ایک مالی سال میں اپنے ذرائع سے 50 ارب ڈالرز سے زائد زرمبادلہ حاصل ہونے کا امکان، مسلسل پانچویں ماہ بیرون ممالک سے ماہانہ 2 ارب ڈالرز سے زائد ترسیلات زر کی موصولی اور ایکسپورٹس میں اضافے کے بعد ملک کو ریکارڈ زرمبادلہ حاصل ہونے کی امیدیں۔

تفصیلات کے مطابق کرونا بحران کے باوجود پاکستان کی معیشت میں بہتری کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں۔معاشی ماہرین اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے بھی پیشن گوئی کی جا رہی ہے کہ پاکستان کی معیشت اب بہتری کی راہ پر گامزن ہے، آئندہ برسوں میں ملکی معیشت میں مزید بہتری آئی گی۔ رواں مالی سال کے آغاز کے بعد جی ڈی پی گروتھ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ صنعتی پیداوار، غیر ملکی سرمایہ کاری، ترسیلات زیر، ایکسپورٹس اور ٹیکس ریونیو، ان سب میں مثبت اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔پہلی مرتبہ ملکی تاریخی میں مالی سال کے مسلسل پانچ ماہ بیرون ممالک سے موصول ہونے والی ترسیلات ماہانہ بنیاد پر 2 ارب ڈالرز سے زائد رہی ہیں۔ پاکستان میں 7.7 ملین ڈالر یومیہ ترسیلات زر آرہے ہیں۔گزشتہ پانچ ماہ میں پاکستان کو 12ارب ڈالرز سے زائد موصول ہو چکے ہیں، جبکہ چھٹے ماہ کے اختتام پر رواں مالی سال کے دوران موصول ہونے والی ترسیلات کا حجم 14 سے 15 ارب ڈالرز کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ماہرین کے مطابق پاکستان کو رواں مالی سال کے اختتام تک ماہانہ بنیاد پر 2 ارب ڈالرز سے زائد کی ترسیلات موصول ہونے کا سلسلہ جاری رہا، تو اس صورت میں ایک سال کے دوران کل ترسیلات کا حجم 27 سے 28 ارب ڈالرز کی ریکارڈ سطح تک پہنچ سکتا ہے۔ جبکہ دوسری جانب نومبر کے ماہ میں ایکسپورٹس میں اضافے کا 10 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔ نومبر 2020 میں ریکارڈ 2 ارب 15 کروڑ ڈالرز سے زائد کی ایکسپورٹس کی گئیں، گزشتہ 10

سال کے دوران نومبر کے ماہ میں یہ ایکسپورٹس کے حجم کی سب سے بلند شرح رہی۔رواں مالی سال کے ابتدائی 5 میں کل ایکسپورٹس کا حجم 9 ارب 73 کروڑ ڈالرز سے زائد رہا، جو کہ گزشتہ برس کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً 200 ملین ڈالرز زائد ہے، یوں مالی سال کے اختتام پر ایکسپورٹس کی مد میں بھی پاکستان کو 22 ارب ڈالرز سے زائد موصول ہونے کا قوی امکان ہے۔اس تمام صورتحال میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان مالی سال کے اختتام تک ریکارڈ زرمبادلہ کما لے گا۔امکان ہے کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے اور ایکسپورٹس میں بہتری کی صورت میں پاکستان رواں مالی سال کے اختتام تک اپنے ذرائع سے 50 ارب ڈالرز سے زائد زرمبادلہ کما لے گا۔اس ریکارڈ تعداد میں زرمبادلہ حاصل ہونے کی صورت میں پاکستان کا بیرونی قرضوں پرانحصار کم ہو جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں