ایک امریکی ڈالر کتنے لاکھ ایرانی ریال کا ہوگیا؟ ایرانی کرنسی ڈوب گئی ، پاکستان میں لین دین بند

اسلام آباد(پی این آئی) ایک امریکی ڈالر کی قیمت 2 لاکھ 60 ہزار ایرانی ریال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔ ایرانی کرنسی کی اس تاریخی گراوٹ کی وجہ سے پاکستان میں ایرانی کرنسی کی لین دین بند کرنا پڑگئی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق رواں سال ایرانی کرنسی

پچاس فیصد قدر کھو بیٹھی ہے۔2015 میں جوہری ڈیل طے پانے کے وقت ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر 32 ہزار تھی۔ جو اب تنزلی کا شکار ہوتے ہوتے اڑھائی لاکھ ریال کی سطح سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔ امریکی پابندیوں کے باعث ایران کی تیل ایکسپورٹ بہت بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ ایران کی تیل ایکسپورٹ 100 ارب ڈالرز سے کم ہو کر 8 ارب ڈالرز کی سطح تک آ چکی ہیں۔ اس تمام صورتحال میں ایرانی حکومت کی جانب سے کرنسی کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔کچھ عرصہ قبل ایرانی پارلیمان نے ملکی کرنسی کی قدر میں سے چار صفر ختم کر دینے کا مسودہ قانون منظور کیاتھا۔ ایران کی حکومت برسوں سے چل رہی ریال کرنسی کے بجائے تومان کو ملکی کرنسی بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ نئی ایرانی کرنسی دس ہزار ریال کے برابر ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close