آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی ابوظبی نیشنل آئل کمپنی کے دو بحری جہازوں پر حملہ کیا گیا۔ تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق ابوظبی نیشنل آئل کمپنی کے دونوں بحری جہاز گزشتہ شام آبنائے ہرمز سے گزر رہے تھے کہ انہیں حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔ حملے میں کسی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندری راستوں کی سلامتی اور محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
دوسری جانب یمن کے حوثیوں کی جانب سے آبنائے باب المندب کے قریب دو میزائل حملے کیے گئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دونوں میزائل حملوں کا ہدف آبنائے باب المندب کا علاقہ تھا۔
آبنائے ہرمز اور آبنائے باب المندب سمیت اہم بحری گزرگاہوں کے قریب پیش آنے والے ان واقعات کے بعد سمندری نقل و حرکت اور تجارتی جہازوں کی سیکیورٹی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔






