امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں درآمد کیے جانے والے بغیر پائلٹ ڈرونز اور ان کے پرزہ جات پر 100 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے درآمدی ڈرونز پر 100 فیصد تک ٹیرف لگانے کا فیصلہ قومی سلامتی کی بنیاد پر کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ وہ ڈرون سسٹم جن کا وزن 25 کلوگرام سے زیادہ ہے اور جن میں تھرمل امیجرز اور ڈاکنگ اسٹیشنز جیسی صلاحیتیں موجود ہیں، ان کی درآمد پر 100 فیصد ڈیوٹی عائد کی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چھوٹے ڈرونز پر 25 فیصد اضافی ٹیرف 3 ستمبر سے نافذ ہو گا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق نئے ٹیرف کا مقصد ڈرونز اور ان کے پرزہ جات کی مقامی پیداوار میں اضافہ کرنا اور غیر ملکی سپلائی چینز خاص طور پر چین پر انحصار کم کرنا ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے چین نے امریکہ کو ڈرونز کی برآمدات پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ واشنگٹن نے جبری مشقت اور قومی سلامتی کے خدشات کے باعث جوابی کارروائی کرتے ہوئے 6 چینی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کر دیا تھا۔






