بارشوں نے مچا دی تباہی، 10 افراد ہلاک

نئی دہلی (آئی این پی): بھارت میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، جس کے باعث دارالحکومت نئی دہلی سمیت کئی ریاستیں زیرِ آب آ گئی ہیں جبکہ مختلف واقعات میں 10 افراد ہلاک ہو گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلسل شدید بارشوں نے کئی ریاستوں میں معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ نئی دہلی کی متعدد سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ریاست آسام میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جہاں 600 سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ سیلابی پانی سے گھروں، دکانوں اور زرعی اراضی کو نقصان پہنچا، جبکہ حکومت کی جانب سے متاثرہ افراد میں امدادی خوراک تقسیم کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب شملہ میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے متعدد واقعات پیش آئے، جس سے آمدورفت کا نظام متاثر ہوا ہے۔

حکام کے مطابق آسام میں گزشتہ ہفتے آنے والے سیلاب کے باعث 10 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 36 تک پہنچ گئی ہے۔

امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ حکام نے مزید بارشوں کے پیش نظر احتیاطی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔

close