راولپنڈی، اسلام آباد میں اربن فلڈنگ؟؟؟ محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں شہری سیلاب کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، کشمیر، شمال مشرقی بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

 

گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی شہری سیلاب کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

دوسری جانب کشمیر، مری اور گلیات کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے۔ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور بارش کے دوران نشیبی علاقوں، برساتی نالوں اور پہاڑی راستوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔