محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کی رات بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
اتوار کے روز بھی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ کشمیر، مری اور گلیات کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، چترال، بٹگرام، بونیر، خیبر، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، ہنگو، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، کرک، بنوں، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
پنجاب کے راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، گجرات، جہلم، منگلا، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، لیہ، بھکر، خوشاب، نورپور تھل، ملتان، چنیوٹ اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شام یا رات کے اوقات میں موسیٰ خیل، ژوب، خضدار، بارکھان اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کشمیر میں موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش پنجاب میں اسلام آباد کے زیرو پوائنٹ پر 51 ملی میٹر، سیالکوٹ ایئرپورٹ پر 45، نارووال میں 43، اسلام آباد گولڑہ میں 16، سیدپور میں 15، منگلا میں 14، راولپنڈی شمس آباد میں 20، نیو کٹاریان میں 10، مری میں 8، گجرات میں 5، گوجرانوالہ میں 2 اور اٹک میں ایک ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ کشمیر میں مظفرآباد ایئرپورٹ پر 41 اور سٹی میں 24 ملی میٹر، جبکہ خیبرپختونخوا میں مالم جبہ میں 14، سیدو شریف میں 4، دیر میں 3، کالام اور لوئر دیر میں ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ گلگت بلتستان میں اسکردو میں 5 اور استور میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی اور دالبندین میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ، جبکہ سبی اور دادو میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔






