امریکی عدالت نے صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی مسترد کر دی، فیصلہ جاری

امریکی عدالت نے 75 ممالک کے شہریوں کے امیگرنٹ ویزوں کی کارروائی روکنے کی ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی مسترد کرتے ہوئے اسے کالعدم قرار دے دیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق جن 75 ممالک کے شہریوں کے امیگرنٹ ویزوں کی کارروائی روکنے کی پالیسی مسترد کی گئی، ان میں پاکستان، بنگلادیش، ایران اور روس سمیت دیگر ممالک شامل تھے۔

نیویارک کی ڈسٹرکٹ جج نے گزشتہ روز ٹرمپ انتظامیہ کی ویزا پالیسی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پالیسی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے قانونی اختیارات سے تجاوز کرتی ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ جنوری میں نافذ کی گئی یہ ویزا پالیسی واضح طور پر غیر قانونی تھی اور ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے 75 ممالک کے شہریوں کے امیگرنٹ ویزوں کی کارروائی روکنے کا اقدام وفاقی امیگریشن قانون سے مطابقت نہیں رکھتا۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی جج نے یہ فیصلہ تارکین وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے میں سنایا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پالیسی میں شامل ممالک کے شہریوں کے امریکا میں عوامی سہولیات اور حکومتی وسائل پر بوجھ بننے کا خدشہ ہے، جس کے باعث 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امریکی امیگرنٹ ویزا کی کارروائی جنوری سے روک دی گئی تھی۔

دوسری جانب امریکی عدالت کے فیصلے پر محکمہ خارجہ نے تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔