مون سون بارشوں کا نیا طاقتور سسٹم انٹری کے لیے تیار، الرٹ جاری

ملک بھر میں مون سون کا نیا طاقتور سلسلہ آج داخل ہوگا، جس کے باعث شدید بارشوں، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آج سے 10 جولائی تک ملک بھر میں بارشوں اور دریاؤں کی صورتحال کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا۔

این ڈی ایم اے نے بتایا کہ آج سے شمالی پاکستان میں ایک فعال موسمی نظام داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کی بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

اس نئے موسمی سسٹم کے تحت آزاد کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور شمالی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

خاص طور پر 7 سے 10 جولائی کے دوران بالائی دریائی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جبکہ 7 جولائی کو شمالی علاقوں، خیبرپختونخوا، پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بارشوں کی شدت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ دیکھا جا سکتا ہے، تاہم موجودہ صورتحال کے مطابق بڑے پیمانے پر کسی دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

اس کے برعکس، پہاڑی ندی نالوں میں اچانک طغیانی اور تیز سیلابی ریلوں کا شدید خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں شہری اور نشیبی علاقوں میں ‘اربن فلڈنگ’ کا خطرہ ہے، جس سے مقامی انتظامیہ اور شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید برآں، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی راستوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے صوبائی دارالحکومت کراچی میں آج گرمی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندری ہوائیں بند ہونے کی وجہ سے شہرِ قائد کا درجہ حرارت (پارہ) 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جس کے باعث گرمی اور حبس کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close