ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ بھی جاری

گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ محکمہ موسمیات نے جولائی کے پہلے ہفتے میں ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔

یکم سے چھ جولائی کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور سندھ کے بیشتر شہروں میں بادل برسنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو سکتا ہے، جبکہ بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں اور 2 جولائی سے خلیج بنگال سے نم آلود ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

اس سسٹم کے تحت یکم سے 6 جولائی تک پنجاب اور کشمیر، یکم سے 5 جولائی تک خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان، جبکہ بلوچستان کے شمال اور شمال مشرقی اضلاع میں یکم سے 4 جولائی کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ میں 3 اور 4 جولائی کو سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور ملحقہ اضلاع میں بارشیں شروع ہوسکتی ہیں، تاہم کراچی میں فی الحال بارش کا امکان موجود نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارشوں کے باعث یکم سے 4 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، نوشہرہ اور فیصل آباد کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

اس کے علاوہ 2 سے 6 جولائی تک بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

حکام نے بارشوں اور آندھی کے دوران شہریوں کو کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز سے دور رہنے اور دورانِ سفر انتہائی محتاط رہنے کی سخت ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close