لیپ ٹاپ اسکیم کے حوالے سے صوبائی وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے طلبا کو بڑی خوشخبری سنادی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے یونیورسٹی کے طلبہ کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم کے فیز 2 کے تحت لیپ ٹاپس کی پہلی کھیپ پنجاب پہنچ چکی ہے۔
صوبائی وزیر نے تصدیق کی کہ اسکیم کے دوسرے مرحلے کے لیے ابتدائی طور پر 30,000 لیپ ٹاپس صوبے میں پہنچ چکے ہیں۔
وزیرِ تعلیم کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رواں سال کے دوران صوبے بھر کے ہونہار طلبہ میں 70,000 سے زائد لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہے۔
یہ اہم اعلان پنجاب حکومت کی جانب سے مالی سال 27-2026 کے بجٹ میں شعبہ تعلیم کے لیے ریکارڈ 750 ارب روپے مختص کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔
تعلیمی بجٹ کا یہ خطیر سرمایہ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ڈیجیٹل لرننگ کے فروغ، اور مستحق طلبہ کی مالی معاونت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اسکولوں کے لیے جاری اخراجات کی مد میں 600.78 ارب روپے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے 13.18 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس رقم میں سے 570.52 ارب روپے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز اور سرکاری اسکولوں کو گرانٹس اور سبسڈیز کی شکل میں دیے جائیں گے۔
اعلیٰ تعلیم کے شعبے کے لیے جاری اخراجات کی مد میں 83.48 ارب روپے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 11.15 ارب روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، 68.72 ارب روپے ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر مراعات (ملازمت سے متعلق اخراجات) کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






