پی ڈی ایم اے کا وہ ہنگامی الرٹ… جس نے پورے صوبے میں کھلبلی مچا دی!

پشاور : صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج (جمعرات) سے 13 جون تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارشوں کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ اسی طرح پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی آندھی اور بارش متوقع ہے۔

اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور بعض مقامات پر فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان کو زیادہ حساس قرار دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور، مردان اور نوشہرہ سمیت میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رکھا جائے، اہم شاہراہوں کی بحالی یقینی بنائی جائے اور نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھا جائے۔ سیاحوں اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور سیلابی ریلوں، ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دی جا سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close