اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 7 سے 12 جون کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو جیسی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 8 سے 11 جون کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات اور سیالکوٹ شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ اسی طرح نارووال، لاہور، قصور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور بھکر میں بھی ہیٹ ویو کے اثرات متوقع ہیں۔
الرٹ کے مطابق لیہ، ملتان، خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ اور راجن پور بھی شدید گرمی سے متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں پارہ 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور شدید گرمی کے اوقات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





