سکھر: روہڑی میں وار مبارک درگاہ کے قریب دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ایک ہی خاندان کے تین بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو اہلکاروں اور مقامی غوطہ خوروں کی مشترکہ کارروائی کے بعد تینوں بچوں کی لاشیں دریا سے نکال لی گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق بچوں میں 5 سالہ علی حیدر، 8 سالہ آیت اور 10 سالہ آفتاب علی شامل ہیں۔ واقعے کے فوراً بعد شروع کیے گئے سرچ آپریشن کے دوران گزشتہ روز 10 سالہ آفتاب علی کی لاش برآمد کر لی گئی تھی، تاہم اندھیرا ہونے کے باعث امدادی کارروائیاں عارضی طور پر روک دی گئی تھیں۔
آج صبح ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا، جس کے نتیجے میں علی حیدر کی لاش نکالی گئی، جبکہ دوپہر کے وقت بچی آیت کی لاش بھی دریا سے برآمد کر لی گئی۔
افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






