کہاں کہاں بارشیں اور کہاں چلچلاتی دھوپ ؟ محکمہ موسمیات کی جانب سے اہم خبر

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

پشاور میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں موسم نسبتاً بہتر رہے گا اور سوات، چترال اور دیر کے چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے علاقوں نصیر آباد، کوہلو، بارکھان، موسیٰ خیل، خضدار اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور پنجاب میں چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close