پی سی بی کا نیا کنٹریکٹ فارمولا، اسٹارز کھلاڑیوں کو ماہانہ 48 لاکھ روپے ملیں گے

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے جو یکم جولائی 2026 سے 30 جون 2027 تک نافذ العمل رہے گا۔

کرکٹ ویب سائٹس کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے وہ کھلاڑی اہل ہوں گے جنہوں نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران کم از کم 4 ٹیسٹ، 6 ایک روزہ یا 6 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہوں۔

نئے نظام کے تحت کھلاڑیوں کو مختلف ٹریکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹریک اے میں شامل ٹاپ ٹیسٹ اسپیشلسٹ کو ماہانہ 40 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا، جبکہ ٹریک اے بی میں شامل ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ کے نمایاں کھلاڑی ماہانہ 48 لاکھ روپے وصول کریں گے۔

اسی طرح ٹریک بی سی میں شامل وائٹ بال اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو ماہانہ 34 لاکھ روپے ملیں گے، جبکہ ٹریک سی میں شامل ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کرکٹرز کا ماہانہ معاوضہ 26 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ٹریک سی کے کھلاڑیوں کو دنیا بھر کی مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت کی اجازت بھی ہوگی۔

پی سی بی نے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے بھی خصوصی کیٹیگری متعارف کرائی ہے۔ ٹریک ڈی میں شامل نوجوان کرکٹرز کو ماہانہ 10 لاکھ روپے وظیفہ دیا جائے گا۔

میچ فیس میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت ٹیسٹ میچ کی فیس 15 لاکھ روپے، ون ڈے انٹرنیشنل کی 7 لاکھ 50 ہزار روپے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی فیس 5 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close