میرپور: سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر میں چیف جسٹس جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی سربراہی میں سینئر ممبر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن میرپور اور سابق محتسبِ اعلیٰ آزاد کشمیر مرزا ظفر حسین جرال ایڈووکیٹ مرحوم کی یاد میں فل کورٹ تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ اس موقع پر سینئر جج جسٹس رضا علی خان اور جسٹس چوہدری خالد یوسف بھی موجود تھے۔
تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ مرزا ظفر حسین جرال ایک ممتاز قانون دان، باکردار شخصیت اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار انسان تھے۔ انہوں نے اپنی محنت، فطانت اور دیانت داری سے معاشرے میں نمایاں مقام حاصل کیا اور وکالت کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ مرحوم کے ساتھ ان کا ذاتی اور خاندانی تعلق انتہائی گہرا تھا۔ وہ کم گو، سنجیدہ، شفیق اور مہمان نواز شخصیت کے مالک تھے، جن کی محبت، خلوص اور ملنساری ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرزا ظفر حسین جرال نے ہجرت اور مشکلات کے باوجود اپنی قابلیت اور عزم سے کامیابیاں حاصل کیں اور معاشرے کے لیے ایک مثال قائم کی۔
سینئر جج جسٹس رضا علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرزا ظفر حسین جرال کی وفات وکلا برادری اور عدالتی نظام کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نہ صرف ایک ماہر قانون دان تھے بلکہ نوجوان وکلا کے بہترین رہنما اور مشفق بزرگ بھی تھے۔ ان کی قانونی مہارت، مدلل دلائل اور پیشہ ورانہ خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
ایڈووکیٹ جنرل آزاد کشمیر ندیم خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ مرزا ظفر حسین جرال کی قانونی، سماجی اور سیاسی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے بار اور بینچ کے مضبوط تعلقات کے فروغ اور قانون کی بالادستی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔
مرحوم کے صاحبزادے لئیق محمود عامر ایڈووکیٹ نے فل کورٹ تعزیتی ریفرنس کے انعقاد پر چیف جسٹس اور معزز ججز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد ایک نڈر، بااصول اور عوام دوست شخصیت تھے جنہوں نے قانون، سیاست اور سماجی خدمت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔
اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بابر علی خان ایڈووکیٹ، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی بار کونسل میرپور وسیم صابر ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری راشد رشید ایڈووکیٹ سمیت سینئر وکلا اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر مرحوم مرزا ظفر حسین جرال ایڈووکیٹ کے ایصالِ ثواب، بلندیٔ درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی خصوصی دعا کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






