دورہ نیوزی لینڈ منسوخ ہونا صرف سازش تھی، کوئی تھریٹ نہیں موصول ہوا، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے حقیقت بتا دی

اسلام آباد(پی این آئی)وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے دورے کے حوالے سے ایسی کوئی تھریٹ نہیں ہے، نہ موصول ہوئی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ دستانے پہنے ہاتھوں نے سازش کے ذریعے دورے کو منسوخ کیا۔

’دستانے پہنے ہاتھ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتے تھے افغانستان میں کوئی خون ریزی نہیں ہوئی، ہم نے دنیا سے تمام ممالک کے لوگوں کو انخلا کرایا۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج ٹیم کی سکیورٹی پر مامور تھی، سازش کرنے والوں کے نام لینا مناسب نہیں، ہم ذمہ دار ملک ہیں۔ ’پاکستان کے کسی ادارے کے پاس کوئی بھی تھریٹ کی اطلاع نہیں تھی۔‘انڈٰیا کا میڈٰا پاکستان کے خلاف زہر اگل رہا ہے، اس کی سوئی ہمارے خلاف پراپیگنڈے پر پھنسی ہوئی ہے۔ ’چار ماہ ٹیم سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لیے بھجوائی گئی تھی۔ نیوزی لیڈن کی سکیورٹی ٹیم نے سکیورٹی کی کلیئرنس دی تھی۔‘وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ’نہ نیوزی لینڈ کے لیے تھا، نہ آنے والی انگلینڈ کی ٹیم کے لیے ہے۔‘شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کو تماشائیوں کے بغیر بھی میچ کھیلنے کی پیشکش کی گئی لیکن وہ اس پر راضی نہ ہوئے جس پر ملک کے ذمہ دار اداروں نے وزیراعظم سے تاجکستان میں رابطہ کر کے بات کی۔بقول ان کے ’اس کے بعد وزیراعظم نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے ٹیلی فون پر بات کی اور کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں، ہم اس کی گارنٹی دیتے ہیں۔‘وزیر داخلہ کے مطابق ’نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے عمران خان کو بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ جب ٹیم باہر نکلے گی تو اس پر حملہ کیا جا سکتا ہے لہٰذا دورہ منسوخ کیا جا رہا ہے۔‘شیخ رشید نے زور دیتے ہوئے کہ ’دورہ نیوزی لینڈ نے یکطرفہ طور پر منسوخ کیا ہے۔‘وزیر داخلہ نے ملک میں سکیورٹی کی صورت حال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو کوئی خطرہ نہیں، نہ نیوزی لینڈ کے لیے تھا اور نہ ہی اگلے دورے پر آنے والی ٹیم انگلینڈ کے لیے کوئی خطرے کی بات ہے۔ ’ہم انگلینڈ کی ٹیم کو ویل کم کہنے کو تیار ہیں۔‘افغانستان سے مہاجرین کی آمد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک کے کسی بھی کونے میں کوئی بھی مہاجر موجود نہیں ہے۔’جو لوگ آ رہے ہیں وہ ویزہ لے کر آ رہے ہیں۔‘

close