سولر پینل خریدنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے اہم فیصلے کر لیے ہیں، جن کے تحت سولر پینلز اور کھاد پر ٹیکس میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے سولر پینلز پر سیلز ٹیکس برقرار رکھنے اور کھاد پر بھی کوئی نیا ٹیکس عائد نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے تاکہ قابلِ تجدید توانائی اور زرعی شعبے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

بجٹ تجاویز کے تحت تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس میں کمی کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا ہے، تاہم ٹیکس میں کمی کی شرح کا تعین بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ جاری مذاکرات کی تکمیل کے بعد کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے بعض درآمدی اشیا پر ایڈوانس انکم ٹیکس کی شرح ایک فیصد سے بڑھا کر دو فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ بعض دیگر اشیا پر یہ شرح 2.5 فیصد سے بڑھا کر 5.5 فیصد تک کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ایک جانب محصولات میں اضافہ کرنا اور دوسری جانب تنخواہ دار طبقے کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔ بجٹ کی حتمی منظوری اور تفصیلات آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں سامنے آئیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close