ٹرین حادثہ، بوگی میں پھنسی خاتون نے گھر کال ملا دی

اسلام آباد(پی این آئی )گھوٹکی ٹرین حادثے کے بعد بوگی میں پھنسی خاتون نے گھر والوں کو کال کرکے مدد کی اپیل کر دی۔ حادثے کا شکار ہوئی ٹرین کی بوگی نمبر 6 میں موجود ایک خاتون نے امدادی کارروائی میں پیشرفت نہ ہونے پر اپنے گھر کال ملادی اور گھر والوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے مدد کی اپیل کی۔جنگ کے مطابق خاتون کی کال کے بعد ان کے اہل خانہ نے گھوٹکی انتظامیہ کے ضلعی افسران سے فوری طور پر رابطہ کیا اور ان کو باہر نکالنے کے لیے امدادی کاروائیاں شروع کردیں۔ڈی آئی جی سکھر فدا حسین مستوئی نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے بوگی نمبر 6 میں موجود خاتون کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے پیر کی صبح گھوٹکی میں ٹرین کے خوفناک حادثہ پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ،وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وزیر ریلوے کو فوری طور پر جائے حادثہ پہنچنے اور زخمیوں کو طبی امداد یقینی بنانے اور جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کی معاونت کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے ریلوے سیفٹی کی خرابیوں کی جامع تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ڈہرکی ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔یہاں ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری ایک بیان میں صدر مملکت نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ریلوے حادثہ میں جو زندگیاں گل ہوئیں، ان خاندانوں کا غم دلاسوں سے کم نہیں ہو سکتا، وزیراعظم نے حادثہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، دہشت گردی،تکنیکی خرابی یا انسانی غلطی کا تاحال کچھ نہیں کہا جا سکتا۔گھوٹکی میں ٹرین حادثہ کے حوالے سے اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کچھ دیر میں جائے حادثہ پر پہنچ جائیں گے، ریلوے حادثہ میں جو زندگیاں گل ہوئیں، ان خاندانوں کا غم دلاسوں سے کم نہیں ہو سکتا۔ وجوہات کا مکمل جائزہ لیا جاناچاہئے،وزیراعظم نے تحقیقات کا کہا ہے، دہشت گردی ہے یا تکنیکی خرابی یا انسانی غلطی، ابھی کہا نہیں جا سکتا۔

close