آئی فون 18 پرو اور پرو میکس میں بڑی خرابی، ایپل کا صارفین کے لیے بڑا اعلان

 

آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس میں سافٹ ویئر کی خرابی سامنے آنے کے بعد ایپل نے بڑا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے تصدیق کی ہے کہ نئے لانچ ہونے والے آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کے ماڈلز میں سامنے آنے والی بڑی سافٹ ویئر خرابی کو دور کرنے کے لیے فوری حل پر کام جاری ہے۔

یہ مسئلہ ان ماڈلز کی باضابطہ فروخت شروع ہونے کے فوراً بعد سامنے آیا، جس پر صارفین کی جانب سے مسلسل شکایات کی جارہی تھیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جب فیس آئی ڈی کے ذریعے فون ان لاک کرنے کی کوشش ناکام ہوتی ہے تو فون چند سیکنڈز کے لیے مکمل طور پر فریز ہوجاتا ہے اور ٹچ کا جواب دینا بند کردیتا ہے۔ اس کے فوراً بعد ڈیوائس خود بخود بند ہوکر دوبارہ آن یعنی ری اسٹارٹ ہوجاتی ہے۔

ایپل نے اعلان کیا ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کام جاری ہے اور یہ خرابی آنے والی آئی او ایس 27 کی نئی سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے دور کردی جائے گی۔

کمپنی نے فیس آئی ڈی کی ناکامی کی اصل وجہ کے بارے میں فی الحال کوئی تفصیلات شیئر نہیں کیں، تاہم یہ خرابی تمام صارفین کے بجائے فی الوقت کچھ صارفین کو پیش آرہی ہے۔

کمپنی کے مطابق آئندہ اپ ڈیٹ کے بعد متاثرہ صارفین کے آئی فونز فریز ہونے اور غیر متوقع طور پر ری اسٹارٹ ہونے کے مسئلے سے محفوظ ہوجائیں گے۔