خبردار!!! آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹس کسی بھی وقت بلاک کیا جا سکتا ہے؟ الرٹ جاری

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ غیر فعال، منسوخ شدہ یا استعمال میں نہ رہنے والی سموں پر بنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو کسی بھی وقت بلاک کیا جا سکتا ہے۔

 

پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدام ان اکاؤنٹس کے خلاف کیا جا رہا ہے جو غیر فعال موبائل نمبرز پر قائم ہیں اور انہیں دھاندلی، فراڈ یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

 

اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ صارفین یقینی بنائیں کہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ان کے زیرِ استعمال اور فعال سم سے ہی منسلک ہو۔ حکام کا کہنا تھا کہ غیر فعال سموں پر چلنے والے واٹس ایپ اکاؤنٹس خطرہ بن سکتے ہیں کیونکہ نمبر کنٹرول میں نہ رہنے کی صورت میں وہ کسی دوسرے صارف کو جاری کیے جا سکتے ہیں جس سے ڈیٹا اور اکاؤنٹ کے غلط استعمال کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

 

پی ٹی اے نے ان تمام صارفین کو جن کے نمبر منسوخ یا غیر فعال ہو چکے ہیں فوری طور پر واٹس ایپ کے ‘Change Number’ آپشن کے ذریعے اپنا نیا اور فعال نمبر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل سیکیورٹی بہتر بنانا اور سائبر فراڈ کا سدِ باب کرنا ہے۔ صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی سمز کا اسٹیٹس فوری چیک کریں تاکہ بلاکنگ سے بچا جا سکے۔