ٹیکنالوجی سے مالیاتی سہولیات ہر شہری کی دہلیز پر ہوں گی! عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان مالی شمولیت پر یقین رکھتی ہے اور ٹیکنالوجی کے ذریعے مالیاتی خدمات تک عوام کی رسائی کو مزید آسان بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے جے ایس بینک کے زیر اہتمام Z-Wallet کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی اور مالی شمولیت کو یکجا کرنا موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں کیش لیس اکانومی کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی ہے، جو معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینے کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ٹیکنالوجی اور مالیاتی خدمات کے انضمام پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے، جن کے نتیجے میں سرکاری شعبے میں بھی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ ملا۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں سرکاری شعبے کی پہلی ویڈیو کانفرنسنگ سروس متعارف کرائی گئی، جو اس امر کی عکاس تھی کہ سرکاری نظام میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرورت کو بروقت محسوس کیا گیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا فروغ صرف سہولت فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ یہ معاشرے میں شمولیت اور اداروں کی کارکردگی میں اضافے کا بھی ذریعہ ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عام شہریوں کو خدمات تک آسان رسائی فراہم کی جا سکتی ہے اور مختلف شعبوں کے درمیان رابطہ مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کورونا وبا کے دوران حکومت کی جانب سے شروع کی گئی لیپ ٹاپ سکیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس سکیم کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، تاہم کورونا کے دوران اس نے اہم کردار ادا کیا۔ وبا کے دنوں میں لوگوں نے گھروں سے کام کیا جبکہ طلبہ نے آن لائن تعلیم حاصل کی، جس سے ٹیکنالوجی کی اہمیت مزید نمایاں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں زیڈ والٹ کا آغاز ایک خوش آئند اقدام ہے۔ حکومت اس اقدام کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ایسے منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی جو عوام کو جدید مالیاتی سہولیات فراہم کرنے اور مالی شمولیت میں اضافے کا باعث بنیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے ٹیلی کام، ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ بینکنگ کے انضمام کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبوں اور اداروں کے درمیان تعاون سے ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی نظام کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت پاکستان ٹیکنالوجی اور مختلف صنعتوں کے باہمی اشتراک کی حمایت کرے گی۔ مختلف اداروں کا اشتراک مالی شمولیت کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کے ذریعے ایسے افراد اور طبقات کو بھی مالیاتی نظام کا حصہ بنایا جا سکتا ہے جو روایتی بینکاری کی سہولیات سے پوری طرح مستفید نہیں ہو پاتے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے فروغ اور کیش لیس اکانومی کی جانب پیش رفت کے لیے نجی شعبے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی اور معاشی حالات میں ٹیکنالوجی اور مالی شمولیت کو ایک دوسرے سے جوڑنا وقت کی ضرورت ہے۔ ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات کے فروغ سے نہ صرف عوام کے لیے خدمات تک رسائی آسان ہوگی بلکہ معیشت کو بھی جدید اور زیادہ مؤثر سمت میں آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔