اسلام آباد (آئی این پی): پاکستان سمیت دنیا بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز متاثر ہو گئی ہیں، جس کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں صارفین کو میٹا کی ان سروسز پر اپنے اکاؤنٹس تک رسائی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ جب بھی وہ ایپ یا ویب سائٹ پر سائن اِن ہونے کی کوشش کرتے ہیں تو اکاؤنٹ کی عارضی عدم دستیابی کا پیغام سامنے آتا ہے۔
اس پیغام میں یہ بھی درج ہے کہ یہ مسئلہ سائٹ میں خرابی کے باعث پیش آیا ہے اور اسے جلد حل کر لیا جائے گا، لہٰذا کچھ دیر بعد دوبارہ کوشش کریں۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر ویب سائٹ کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کے قریب فیس بک ڈاؤن ہونے سے متعلق سرچز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
متعدد صارفین نے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خصوصاً ایکس (ٹوئٹر)، پر بھی فیس بک کی سروس متاثر ہونے کی شکایات شیئر کیں۔
تاحال میٹا کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ یہ واضح نہیں کہ دونوں پلیٹ فارمز میں تکنیکی خرابی کی نوعیت کیا ہے یا سروسز کب تک مکمل طور پر بحال ہوں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






