گوگل میپس، جو اب تک راستہ تلاش کرنے اور نیوی گیشن کے لیے استعمال ہوتی رہی ہے، جلد ہی صارفین کو کھانا آرڈر کرنے کی سہولت بھی فراہم کرے گی۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کے اینڈرائیڈ ورژن کے نئے کوڈ میں ایک ایسے فیچر کے آثار ملے ہیں، جس کے ذریعے صارفین بات چیت کرتے ہوئے براہِ راست فوڈ آرڈر کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر گوگل کے نئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی “آسک میپس” فیچر سے منسلک ہوگا، جس کے ذریعے صارفین پہلے ہی مختلف مقامات اور لوکیشنز کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
نئے کوڈ میں ایسے بٹن بھی دیکھے گئے ہیں جو اس بات کا اشارہ دیتے ہیں کہ گوگل میپس میں فوڈ آرڈر کی سہولت شامل کرنے پر کام جاری ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین سفر کے دوران بھی اپنی پسند کا کھانا آرڈر کر سکیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوڈ میں ڈرائیو اپ سروس کا بھی حوالہ موجود ہے، جس کے تحت صارفین آرڈر کیا گیا کھانا مقررہ مقام سے وصول کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ چند ہفتے قبل گوگل نے بھی ایک بلاگ پوسٹ میں عندیہ دیا تھا کہ مستقبل قریب میں گوگل میپس میں فوڈ آرڈر کرنے کی سہولت متعارف کرائی جائے گی، تاہم کمپنی نے ابھی اس فیچر کی باضابطہ دستیابی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






