پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شرکت میڈیکل ٹیم کی کلیئرنس سے مشروط ہو گئی۔ بابر اعظم کو گزشتہ ہفتے پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف پاکستان کے 3 روزہ پریکٹس میچ کے دوران انگلی پر فاسٹ باؤلر مینی لمزڈن کی گیند لگ گئی تھی۔ جس پر بابر فوراً تکلیف میں دکھائی دیے اور بیٹ چھوڑ دیا، میڈیکل اسٹاف کی جانب سے طبی امداد فراہم کرنے کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے۔ ایک ماہ کے دوران بابر اعظم کے ہاتھ پر گیند لگنے کا یہ دوسرا واقعہ تھا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی انہیں ہاتھ پر گیند لگی تھی۔ اگرچہ بابر اعظم کو ہیڈنگلے میں قومی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کرتے ہوئے دیکھا گیا، تاہم انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ان کی شرکت کا فیصلہ تاحال نہیں ہوا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے پیر کو ہیڈنگلے میں پریس کانفرنس کے دوران اس سوال پر کہ بابر کھیلیں گے یا نہیں بتایا کہ بابر کی دستیابی کا حتمی فیصلہ میچ کے روز پی سی بی کی میڈیکل ٹیم کرے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل 19 اگست سے لیڈز میں شروع ہو گا۔






