فٹبال کے بعد ہالی ووڈ کا رخ، کرسٹیانو رونالڈو اداکاری کے میدان میں اترنے کو تیار

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور النصر کلب کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے کھیل کے میدان کے بعد اب شوبز انڈسٹری میں بھی قدم رکھتے ہوئے اپنی پہلی اسکرپٹڈ ٹی وی سیریز ‘Day 1s’ کے ذریعے ہالی ووڈ میں انٹری دے دی ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو اس فٹبال ڈرامہ سیریز میں نہ صرف اداکاری کریں گے بلکہ ایگزیکٹو پروڈیوسر کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔

سیریز کی کاسٹ میں سابق فرانسیسی فٹبالر تھیری ہنری، برطانوی اداکار ڈیمیئن لیوس، ریپر ڈیو اور اداکارہ کارلوٹا بنات بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

رونالڈو نے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کا ایک نیا اور دلچسپ باب ہے، کیونکہ وہ مستقبل میں نئے شعبوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔

یہ سیریز UR•Marv Studios کے بینر تلے تیار کی جا رہی ہے، جسے رونالڈو نے معروف ہدایت کار میتھیو وان کے ساتھ مل کر قائم کیا تھا۔ میتھیو وان اس سے قبل Kingsman اور Kick-Ass جیسی کامیاب فلموں کی ہدایت کاری کر چکے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سیریز کی شوٹنگ لندن میں بارنیٹ ایف سی کے اسٹیڈیم میں جاری ہے، جہاں سابق آرسنل اسٹار تھیری ہنری کو بھی فلم بندی کے دوران دیکھا گیا ہے۔

close