لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کی مجوزہ تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن کے تحت قومی کرکٹرز کو مختلف ٹریکس اور گریڈز میں تقسیم کرتے ہوئے ماہانہ تنخواہوں اور میچ فیس کا نیا نظام مرتب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اے بی ٹریک کے گریڈ ون میں شامل کھلاڑیوں کو 48 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے گی، جبکہ گریڈ ٹو کے کھلاڑی 38 لاکھ روپے ماہانہ وصول کریں گے۔ اس ٹریک کے کرکٹرز کو ٹیسٹ میچ کی 15 لاکھ روپے، ون ڈے کی 7 لاکھ 50 ہزار روپے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی 5 لاکھ روپے میچ فیس بھی ملے گی۔
اسی طرح اے ٹریک کے گریڈ ون کھلاڑیوں کو 40 لاکھ روپے ماہانہ جبکہ گریڈ ٹو کے کرکٹرز کو 36 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے گی۔ اس ٹریک میں شامل کھلاڑیوں کے لیے ٹیسٹ میچ کی فیس 15 لاکھ روپے، ون ڈے کی 6 لاکھ 50 ہزار روپے اور ٹی ٹوئنٹی کی 4 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بی سی ٹریک کے گریڈ ون میں شامل کرکٹرز 34 لاکھ روپے ماہانہ جبکہ گریڈ ٹو کے کھلاڑی 26 لاکھ روپے ماہانہ وصول کریں گے۔ اس ٹریک میں ٹیسٹ میچ کی 9 لاکھ روپے، ون ڈے کی 7 لاکھ 50 ہزار روپے اور ٹی ٹوئنٹی کی 5 لاکھ روپے میچ فیس مقرر کی گئی ہے۔
سی ٹریک کے گریڈ ون کرکٹرز کو 26 لاکھ روپے ماہانہ جبکہ گریڈ ٹو کے کھلاڑیوں کو 20 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے گی۔ اس ٹریک میں شامل کھلاڑیوں کے لیے ٹیسٹ میچ کی فیس 7 لاکھ روپے جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی فیس 5،5 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی ٹریک میں شامل ترقیاتی (ڈویلپمنٹ) کھلاڑیوں کو 10 لاکھ روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
نئے نظام کے تحت اے بی ٹریک میں ٹیسٹ اور ون ڈے اسپیشلسٹ کھلاڑی شامل ہوں گے، اے ٹریک صرف ٹیسٹ کرکٹرز پر مشتمل ہوگا، بی سی ٹریک میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے کھلاڑی شامل ہوں گے، جبکہ سی ٹریک صرف ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کرکٹرز کے لیے مختص ہوگا۔ ڈی ٹریک میں ابھرتے ہوئے اور ترقیاتی کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






