وزیر اعظم شہباز شریف کی تبدیلی کی خبریں بے بنیاد ہیں، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض عناصر بے بنیاد افواہیں پھیلا کر ملک میں سیاسی اور معاشی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا بجٹ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کو تبدیل کیا جا رہا ہے تو رانا ثنا اللہ نے اس تاثر کو مکمل طور پر غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی معاملہ زیر غور نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بہترین انداز میں ملک کی قیادت کر رہے ہیں اور ان کی کوششوں کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کو عزت اور وقار حاصل ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر جھوٹی اور من گھڑت خبروں کے ذریعے ملک میں بے یقینی پیدا کرنا چاہتے ہیں، تاہم وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

رانا ثنا اللہ نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ قومی استحکام اور ترقی کے لیے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے اور اب بھی مسائل کا حل بات چیت اور سیاسی مکالمے میں ہی موجود ہے۔

گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) وہاں بھرپور انداز میں اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اور عوامی مسائل کو مؤثر طریقے سے اجاگر کرے گی۔

انہوں نے بین الاقوامی اور معاشی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران پر عائد عالمی پابندیاں ختم ہوتی ہیں تو اس سے پاکستان کو نمایاں معاشی فوائد حاصل ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close