سالانہ ون ڈے ٹیم رینکنگ جاری: پاکستان تنزلی کے بعد اب کس پوزیشن پر موجود ہے؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز ون ڈے ٹیم رینکنگ کی سالانہ اپ ڈیٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق پاکستان ٹیم کی ایک درجہ تنزلی ہوگئی، جس کے بعد قومی ٹیم چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلی گئی، جنوبی افریقا نے پاکستان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹاپ فور میں جگہ بنالی ہے جب کہ بھارت کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین سالانہ اپ ڈیٹ میں بھارتی ٹیم 118 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر برقرار ہے تاہم بھارت کی ریٹنگ میں ایک پوائنٹ کی معمولی کمی ہوئی ہے۔ رینکنگ میں نیوزی لینڈ 113 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جب کہ آسٹریلیا 109 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

جنوبی افریقا نے 102 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان کو پیچھے چھوڑ کر چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے جب کہ پاکستان 98 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر چلا گیا ہے۔

دیگر ٹیموں میں سری لنکا 96 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، افغانستان 93 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں اور انگلینڈ 89 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ اسی طرح بنگلہ دیش 84 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے جب کہ ویسٹ انڈیز 74 پوائنٹس کے ساتھ دسویں پوزیشن پر موجود ہے۔

نئی اپ ڈیٹ کے بعد بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پوائنٹس کا فرق 10 ہوگیا ہے، جو اس سے قبل 6 تھا۔

آئی سی سی کے مطابق یہ رینکنگ 2027 ورلڈ کپ کی براہِ راست کوالیفکیشن کے حوالے سے بھی اہمیت رکھتی ہے۔ 31 مارچ 2027 تک آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ 8 ٹیمیں میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے کے ساتھ براہِ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

رینکنگ اپ ڈیٹ میں آئرلینڈ نے 54 پوائنٹس کے ساتھ زمبابوے کو پیچھے چھوڑ کر 11ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے جب کہ امریکا 46 پوائنٹس کے ساتھ اسکاٹ لینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 13ویں نمبر پر آگیا ہے۔

اسی طرح متحدہ عرب امارات نے بھی رینکنگ میں بہتری دکھاتے ہوئے کینیڈا کو پیچھے چھوڑ کر 19 ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close