وسیم اکرم نے پی سی بی میں جاب کی آفر سے کیوں انکار کیا؟ وجہ سامنے آگئی

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے پی سی بی میں جاب کی آفر سے انکار کی وجہ سے متعلق لب کشائی کی ہے۔

سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم وسیم اکرم نے میلبرن میں آن لائن پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت سے اچھے اشارے مل رہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی بورڈ کو کئی آفرز کی ہیں، بھارت کو پاکستان آنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا ویرات کوہلی، ہاردک پانڈیا اور سوریا کمار یادیو کے پاکستان میں بہت فینز ہیں، فینز کو شدت سے بھارتی کھلاڑیوں کا انتظار ہے، میں سمجھتا ہوں کہ دونوں ممالک کے لوگوں کا آپس میں رابطہ ہونا چاہیے، بھارت اس بارے میں سوچے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ میں 6، 7 سال سے بھارت نہیں گیا، میں وہاں کے کھانے اور لوگوں کو مس کرتا ہوں، بھارتی کھلاڑی پاکستان آئیں، انجوائے کریں گے۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ آسٹریلیا میں کنڈیشنز مشکل ہوتی ہیں، پاکستان کی یہاں سیریز آسان نہیں ہو گی، ایک بھی ون ڈے جیت جاتے ہیں تو یہ بہت بڑی کامیابی ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز اچھی ہو گی۔

وسیم اکرم نے کہا کہ فخر زمان امپیکٹ پلئیر ہے، مجھے یقین ہے کہ سوشل میڈیا بیان فخر زمان نے نہیں لکھا، جس نے بھی لکھا اسے بتانا چاہیے تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی وجہ سے آپ کو مسئلہ ہو سکتا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ یہ فخر زمان کے لیے ایک سبق ہے، سوچ سمجھ کر سوشل میڈیا پر لکھنا چاہیے، پی سی بی کا اس معاملے پر اپ سیٹ ہونا بنتا تھا۔

سابق کپتان قومی ٹیم کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کرکٹ کے لیے بہت اچھا کام کر رہے ہیں، وہ کرکٹ بورڈ کو پروفیشنل انداز میں چلا سکتے ہیں، مجھے جاب کی آفر ہوئی لیکن میں 9 سے 5 جاب کرنے والا بندہ نہیں ہوں۔وسیم اکرم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ محمد رضوان کو کپتانی کا تجربہ ہے، وہ اچھی چوائس ہے وہ بس کھیل پر فوکس کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں