ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل، انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے تگڑا ہدف دیدیا

ابوظہبی(پی این آئی)انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے167 رنز کا ہدف دیا ہے۔انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 166رنز بنائے۔انگلینڈ نے اہم میچ میں اننگز کا محتاط آغاز کیا اور ابتدائی چار اوورز کے بعد شاٹس کھیلنا شروع کیں۔تاہم چھٹے اوور میں انگلینڈ کی پہلی وکٹ گری۔جونی بیئر13 رنز بناکر ایڈم ملنے کی گیند پر کپتان ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی دوسری وکٹ نویں اوور میں گری، ان فارم بلے باز جوس بٹلر 24 گیندوں پر 29 رنز بناکر ایش سوڈھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔انگلینڈ کی تیسری وکٹ 16ویں اوور میں گری ، ڈیوڈ میلان 30 گیندوں پر 41 رنز بناکر ٹم ساؤتھی کی گیند پر وکٹ کیپر ڈیوڈ کونوے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی چوتھی وکٹ آخری اوور میں گری، لیم لونگ سٹون 10 گیندوں پر 19 رنز بنا کر جمی نیشیم کا نشانہ بنے۔معین علی نے اپنی شاندار ففٹی اننگز کے آخری اوور میں 36 گیندوں پر چوکا لگا کر مکمل کی،اس ورلڈکپ میں انکی یہ پہلی ففٹی تھی۔انگلینڈ کی جانب سے معین علی51 اور کپتان ایون مورگن چار رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن کا کہنا تھا کہ ہم تاس جیتتے تو پہلے باؤلنگ ہی کرتے ،اچھی کرکٹ کھیل کر میچ کو جیتنے کی کوشش کریں گے۔ہم نے جیسن رائے کی جگہ سیم بلنگز کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ بعد میں شبنم پڑنے کی وجہ سے کیا ہے کوشش کریں گے کہ انگلینڈ کو کم سے کم سکور پر روکیں، ہم نے گزشتہ میچ میں کھیلنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔انگلینڈ کی کافی ٹیم مضبوط ہے۔

close